02/19/2026 | Press release | Distributed by Public on 02/18/2026 23:38
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا رمضان المبارک 1447 (19فروری 2026) پر پیغام
پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کے بابرکت اور روح پرور آغاز پر دل کی گہرائیوں سے اظہار تہنیت اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
بے شک یہ عظیم ماہ مقدس اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے جو مسلمانوں کو خشوع وخضوع کے ساتھ عبادت اور تقویٰ و پرہیزگاری، اور روحانی پاکیزگی جیسی مذہبی اقدار کو ترو تازہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
رمضان المبارک انفرادی اور اجتماعی سطح پر یہ شعور دیتا ہے کہ عبادت کی حقیقی روح کردار کی اصلاح، باہمی ایثار و احساس، معاشرتی ذمہ داریوں اور حقوق العباد کا احترام ہے۔
روزہ محض مذہبی فریضہ کی ادائیگی نہیں بلکہ روز مرہ زندگی میں صبر، نظم و ضبط اور احساس ذمہ داری کی عملی تربیت ہے۔
بحیثیت قوم بھی رمضان المبارک ہمیں باہمی کاوشوں سے اجتماعی خیر سگالی اور بالخصوص کمزور طبقہ کی فلاح و بہبود کا پیغام دیتا ہے۔
حکومت پاکستان نے اپنے کمزور طبقات کی ہر ممکن معاونت کے لئے رمضان پیکج کا آغاز کیا ہے۔ جسکے تحت مستحق افراد کو باعزت طریقے سے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مالی امداد منتقل ہو جاۓ گی تاکہ تمام گھرانے رمضان میں سحر و افطار کے دستر خوان کی رونقیں قائم رکھ سکیں۔
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ہمیں قران پاک کی تعلیمات ، اسوہ حسنہ اور اس مقدس مہینے کی حقیقی عملی تربیت پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔
اس ماہ مقدس کے آغاز پر ہم دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہماری انفرادی اور اجتماعی عبادات اور نیک اعمال کو شرف قبولیت بخشے اور پاکستان کو امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے۔ آمین