12/25/2025 | Press release | Distributed by Public on 12/25/2025 06:34
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش 25 دسمبر 2025 پر پیغام
آج قائد اعظم محمد علی جناح کی 149 ویں یوم پیدائش پر پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انہیں دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ہر سال قائد اعظم کا یوم پیدائش پوری قوم کے لیے تجدید عہد کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم انفرادی اور بحیثیت مجموعی قومی سطح پر قائداعظم کے رہنما سیاسی اصولوں ، ریاستی فلاح و بہبود اور دائمی معاشرتی اصلاح کی تعلیمات پر موثر انداز میں عمل پیرا ہوں۔
قائداعظم نے پاکستان کے نظام ریاست میں بلا تفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے رہنماء اصولوں کا درس دیا۔
قائداعظم کے سنہری اصول ایمان، اتحاد، تنظیم نہ صرف درخشاں قومی مستقبل کی ضمانت ہیں بلکہ پاکستان کی آنے والے نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہیں۔
قائد اعظم محمد علی جناح وہ عظیم رہنما اور عالمی لیڈر ہیں جن کی سیاسی بصیرت اور بے لوث قیادت نے قیام پاکستان اور مسلمانان برصغیر کے سیاسی مستقبل میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
قائداعظم محمد علی جناح دھرتی کے وہ ناقابل فراموش سپوت ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ کر مملکت خداداد کے قیام کو ممکن بنایا۔
قائد کے عزم و ہمت، پختہ ارادے اور پرخلوص جدوجہد نے بر صغیر کے لاکھوں مسلمانوں کے نئی مملکت کے قیام کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔
قائد اعظم نے خلوص نیت سے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد، خود مختار ،فلاحی ریاست کے نیک عزم کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے نہ صرف سیاسی مخالفین کا مقابلہ کیا بلکہ سامراجی قوتوں کو شکست دی۔
آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ قائداعظم کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے قوم کے عزت و وقار، تحفظ اور ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر خلوص نیت اور بے لوث لگن سے ہر شعبہ ہاۓ زندگی میں محنت کریں گے۔
پاکستان زندہ باد!