ISSI - Institute of Strategic Studies Islamabad

10/27/2026 | Press release | Distributed by Public on 10/27/2026 01:44

پریس ریلیز – ماہرین کا کوپ 31 کے لیے موسمیاتی مالیات اور لچک کو...

پریس ریلیز - ماہرین کا کوپ 31 کے لیے موسمیاتی مالیات اور لچک کو ترجیح دینے پر زور دیا-

October 27, 2026
7

پریس ریلیز

ماہرین کا کوپ 31 کے لیے موسمیاتی مالیات اور لچک کو ترجیح دینے پر زور

آئی ایس ایس آئی کی مشاورت میں طے کیا گیا کہ آئندہ موسمیاتی کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے موافقت، نقصان و ازالہ، منصفانہ توانائی منتقلی اور پہاڑی خطوں کے تحفظ کو بطور ترجیح پیش کیا جائے گا۔

اکتوبر 21 2026

پالیسی سازوں، سفارت کاروں، ماہرین اور کمیونٹی نمائندگان نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس کے دوران پاکستان پر زور دیا کہ وہ کوپ 31 میں قابل رسائی موسمیاتی مالیات اور قابل پیمائش نتائج کو ترجیح دے۔ مباحث میں کمزور طبقات کے لیے بروقت تعاون، مضبوط ملکی رابطہ کاری اور شواہد پر مبنی مذاکراتی مؤقف پر زور دیا گیا۔

یہ تقریب آئی ایس ایس آئی، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) اور کلائمیٹ واچ نے جرمن تعاون، جرمن ریڈ کراس اور پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد کی۔

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ، ڈاکٹر شزرہ منصب علی خان کھرل نے اپنے کلیدی خطاب میں موافقت مالیات، نقصان و ازالہ اور پہاڑی کمزوریوں کو کلیدی مذاکراتی امور کے طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے محققین، نوجوانوں اور متاثرہ کمیونٹیز کی جانب سے حکومت کے غور کے لیے مخصوص، شواہد پر مبنی سفارشات کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر، ڈاکٹر عرفان نزیر اوغلو نے انطالیہ میں کوپ 31 کے میزبان اور صدر کے طور پر ترکیہ کی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا، اور موسمیاتی وعدوں کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قابل رسائی، قابل استطاعت اور قابل پیش گوئی مالیات کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک کے لیے ٹیکنالوجی اور استعداد کار میں اضافے کی معاونت پر زور دیا۔ انہوں نے یو این ڈی پی کے ساتھ تیار کردہ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن برج کو اجاگر کیا، جو قومی موسمیاتی ترجیحات کو قابل سرمایہ کاری پراجیکٹ پورٹ فولیوز میں تبدیل کرنے اور انہیں مالی معاونت سے جوڑنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے متوازن، اتفاق رائے پر مبنی نتائج کے لیے ایک جامع، شفاف اور مشاورتی عمل کے لیے ترکیہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

شرکاء نے قابل پیش گوئی، گرانٹ پر مبنی مالی معاونت، مضبوط پراجیکٹ تیاری اور ترسیل کے واضح ٹائم لائنز کا مطالبہ کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے موسمیاتی آفات سے متاثرہ ممالک کے لیے قرضوں کی ادائیگی کے عارضی التوا کی تجویز دی۔ مباحث میں سستی قابل تجدید توانائی، پیشگی اقدامات اور مؤثر ابتدائی وارننگ سسٹمز پر بھی زور دیا گیا، جس میں پہاڑی برادریوں اور نوجوانوں و خواتین کی بامعنی شرکت پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سفیر معین الحق نے موسمیاتی پالیسی، اقتصادی منصوبہ بندی اور ترقی کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر زور دیا۔ اپنے اختتامی کلمات میں، چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود نے معتبر شواہد، مضبوط ادارہ جاتی رابطہ کاری اور عملی مذاکراتی مقاصد کا مطالبہ کیا۔

شرکاء کی سفارشات کو ایک حتمی دستاویز میں یکجا کیا جائے گا جو وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ اور وزارت خارجہ کو پیش کی جائے گی۔

ISSI - Institute of Strategic Studies Islamabad published this content on October 27, 2026, and is solely responsible for the information contained herein. Distributed via Public Technologies (PUBT), unedited and unaltered, on October 27, 2026 at 07:44 UTC. If you believe the information included in the content is inaccurate or outdated and requires editing or removal, please contact us at [email protected]